ملائیشیا،25اکتوبر(ایجنسی) ملائیشیا کے علاقے جوہر باہرو کے ایک بڑے ہسپتال میں آگ لگنے کے واقعے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ آگ جوہر باہرو کے سلطانہ امینہ ہسپتال کی دوسری منزل پر واقع انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں لگی تھی۔ فائربریگیڈ عملے کے ایک سینیئر
اہلکار کے مطابق دو گھنٹوں کی محنت سے آگ پر قابو پایا گیا۔ ملائشیا کی وزارت صحت کے ایک سینیئر اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں مریض اور ہسپتال کے عملے کے ارکان شامل ہیں۔ اہلکار کے مطابق اس وقت ایک مریض اور عملے کے دو ارکان جھلسنے اور دھوئیں سے دم گھٹنے کی وجہ سے انتہائی نازک حالت میں ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ ہونا بتایا گیا ہے۔